مُرادآباد 11 فروری (ایس او نیوز) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بیان کو لے کر ہوئے تنازعہ میں وشوا ہندو پریشد کے میٹروپولیٹن شریک وزیر سنتوش پنتھری (28) کو ہفتہ کی شام مراد آباد کے دہلی روڈ پر گولی مار دی گئی۔ زخمی سنتوش کو قریب میں واقع سائی اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ واردات سنیچر شام قریب سات بجے پیش آئی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق کچھ دن پہلے موہن بھاگوت کے بیان کو لے کروشواہندو پریشد کے لیڈر سنتوش کابی جے پی لیڈررجت شرما کے ساتھ جو اس کا دوست بھی بتایا گیا ہے۔ فیس بک پر جھگڑا ہوا تھا۔ وہیں رجت شرما نے تین دن پہلے موہن بھاگوت کے بیان کے خلاف سی او کو میمورنڈم بھی دیا تھا۔
سی او سیول لائنز ڈاکٹرانوپ سنگھ نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ یہ واقعہ شام تقریباً 7 بجے پیش آیا۔ سنتوش پنڈت اپنے ساتھی رجت شرما کے ساتھ بات چیت کررہا تھا۔ پھر دونوں میں کسی بات کو لے کر جھگڑا ہوا۔ الزام ہے کہ اس درمیان رجت شرما نے سنتوش کو گولی ماردی۔ پتہ چلا ہے کہ سنتوش پنڈت نے پورے واقعہ کے بارے میں پولیس کو اپنا بیان دیا ہے۔
ایک اور میڈیا رپورٹ کےمطابق نیا مُراد آباد رہائشی وی ایچ پی کے شریک وزیر سنتوش پنتھری سنیچر کو کٹگھر میں منعقدہ تنظیم کے مرکزی جنرل سکریٹری کی میٹنگ میں شامل ہونے کے لیے گئے تھے۔ میٹنگ ختم ہونے کے بعد وہ آٹو پر سوار تنظیم کے جنرل سکریٹری اویناش گپتا اور خزانچی یوگیش تیاگی کے ساتھ دہلی روڈ پرواقع ایچ ڈی ایف سی بینک کے سامنے اترگئے۔ جہاں تینوں آپس میں باتیں کرنے لگے۔
اس دوران بائک پر پہنچے ملزم نے سنتوش سے کہا، جو پرشورام کا نہیں، وہ میرے کام کا نہیں۔ اس کے بعد اس نے سنتوش پر گولی چلا دی۔ گولی سنتوش کے پیٹ میں لگی اور وہ نیچے گر گیا۔ حملے کے بعد ملزم موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔
ملزم رجت شرما کو بی جے پی لیڈر بتایا گیا ہے وہیں اس کا تعلق وی ایچ پی سے بھی بتایا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سے پولیس رجت شرما کی تلاش میں ہے۔ رجت کی تلاش میں شہر میں ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف سنتوش پنڈت کو گولی لگنے کی اطلاع پر وی ایچ پی لیڈر اور کارکنان اسپتال پہنچ گئے۔ اس موقع پروی ایچ پی کے ریاستی وزیر ڈاکٹر راج کمل نے کہا کہ ہمارے کارکن سنتوش پنڈت کو گولی لگی ہے۔ اسے قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس لئے گولی چلانے والے کو سزا ملنی چاہیے۔
ملزم کا تعلق برہمن مہاسبھا سے بھی بتایا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ گولی لگنے کے بعد اس کے دونوں ساتھیوں نے زخمی سنتوش کو لے کر سائی اسپتال پہنچے۔ جہاں سنتوش کا علاج چل رہا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی اکھلیش بھدوریا، سی او ڈاکٹر انوپ سنگھ بھی موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ وی ایچ پی لیڈر اویناش گپتا اور یوگیش تیاگی کا بیان لیا۔ ایس پی سٹی نے بتایا کہ ملزم نے چند روز قبل پولیس کو آر ایس ایس سربراہ کے خلاف میمورنڈم دیا تھا۔
موہن بھاگوت کے بیان کو لے کر فیس بک پر دونوں کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری تھا۔ پوچھ گچھ کی بنیاد پر پولیس حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔ حملہ آور بی جے پی کا ایگزیکٹو کا رکن بھی بتایا گیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زخمی سنتوش اور حملہ آور رجت دونوں دوست تھے۔